1
عافیہ صدیقی کیس میں وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری,اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے عافیہ صدیقی کی رہائی، صحت اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ میری چھٹیاں آج سے شروع ہونی تھیں، میں نے فوزیہ صدیقی کیس دیگر کیسز کے ساتھ آج مقرر کیا تھا، جمعرات کوبتایاگیا کازلسٹ جاری نہیں ہوگی جب تک کازلسٹ میں تبدیلی نہیں کی جاتی۔جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کےجج کا روسٹر چیف جسٹس آفس ہینڈل کرتا ہے، حکومت نے سپریم کورٹ میں میرے فیصلےکے خلاف اپیل دائر کی ہوئی ہے، جج اگر چاہے بھی تو چھٹیوں میں کام نہیں کرسکتا۔جسٹس سردار اعجاز نے ریمارکس دیے میں نے پرسنل سیکرٹری سےکہاکہ کازلسٹ سے متعلق چیف جسٹس کو درخواست لکھو، چیف جسٹس کو 30سیکنڈ بھی درخواست پر دستخط کرنے کےلیے نہیں ملے، ماضی میں ججز کاروسٹر مخصوص کیسز کےفیصلوں کےلیےاستعمال ہوچکاہے، فوزیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں،اپیل سپریم کورٹ میں مقرر ہے۔عدالت نے کہا کہ جج چھٹی کے دن عدالت میں انصاف مہیا کرنےکےلیے بیٹھنا چاہتا ہے مگر ایک بار پھر ایڈمنسٹریٹیو پاور کو جوڈیشل پاور کےلیے استعمال کیاگیا، میں انصاف کو شکست کا سامنا نہیں کرنے دوں گا۔
2
کراچی میں مزید 3 بڑے نادرا سینٹرز بنانے کا اعلان، شناختی قوانین اور ب فارم میں بھی تبدیلیاں,ترجمان نادرا سید شباہت علی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ نادراکے 3 بڑے سینٹرز ملیر کینٹ، ملیر اور سرجانی ٹاؤن میں بنائے جائیں گے۔عوام کی مشکلات کے حل کے لیےقومی شناختی قوانین میں تبدیلیاں کی گئیں، پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹ یونین کونسل جاری کرتے ہیں۔ ب فارم میں بچوں کی تصاویر شامل کی ہیں اور چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ 3 سال کے بچوں تک پرانے طریقے پر ہوگا اس پر تصویر نہیں ہوگی، 3 سال سے بڑے بچوں کے چائلڈرجسٹریشن سرٹیفکیٹ پرتصویر اور بائیو میٹرک ہوگی، یہ 10 سال کی عمر تک ہوگا، 10 سال سے 18سال تک نیا سی آر سی تصویر اور بائیومیٹرک ہوگا۔
3
شہری کو کراچی کے بجائے جدہ پہنچانے پر نجی ائیرلائن اور ایف آئی اے امیگریشن کو نوٹس جاری,سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ذوالفقار سانگی نے نجی ائیرلائن کی جانب سے شہری کو کراچی کے بجائے جدہ لے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے درخواست گزار کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے، کیا ائیرلائن کے خلاف کوئی انکوائری ہورہی ہے؟ اس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ انکوائری کے معاملے کا علم نہیں ہے۔ جسٹس ذوالفقار سانگی نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں ہمیں یہاں سے انصاف نہیں ملتا، ہم صبح سے کیسز کی سماعت کےلیے بیٹھتےہیں، 100، 100 کیسز روزسنتے ہیں، اس کے باوجود لوگ سمجھتے ہیں ان کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا۔ بعد ازاں عدالت نے نجی ائیرلائن اور ایف آئی اے امیگریشن حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔
4
بلوچستان واقعہ: عدالتی حکم پر خاتون کی قبرکشائی، ملزم سردار شیرباز کا جسمانی ریمانڈ منظور,سنجیدی ڈیگاری میں خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے میں گرفتار سردار شیر باز خان کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے سردار شیر باز کو ایک روز کے ریمانڈ پر سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کےحوالے کر دیا۔دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ نے سنجیدی ڈیگاری میں مرد کے ہمراہ قتل ہونے والی خاتون کی قبر کشائی کا حکم دیا جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے خاتون کی قبر کشائی کی جا رہی ہے۔ادھر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی خاتون اور مرد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو 22 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔
5
اسٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل کھاتوں کے مالی سال 2025 کے اعدادوشمار جاری کردیے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں ایک لاکھ19ہزار 185روشن ڈیجیٹل کھاتے کھلوائے گئے جس کے بعد روشن ڈیجیٹل کھاتوں کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 31 ہزار 963 ہوگئی ہے۔اسٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ مالی سال 2025 میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں 2.308 ارب ڈالر جمع کرائے گئے اور ستمبر 2020 تا جون 2025 روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں 10.563 ارب ڈالر جمع کرائے گئے۔مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں سے 20 کروڑ ڈالر واپس نکلوائے گئے اور 57 مہینوں میں 1.811 ارب ڈالر واپس نکلوائے گئے۔اسٹیٹ بینک کا بتانا ہے کہ مالی سال 2025 میں روشن ڈیجیتل کھاتوں سے 1.55 ارب ڈالر مقامی سطح پر خرچ کیے گئے اور 57 مہینوں میں 6.762 ارب ڈالر مقامی سطح پر خرچ کیے گئے۔