اسلام آباد(ای پی آئی)25اگست،2025۔۔۔ پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی، زونگ فورجی نے جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ”زندگی“ کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کا مقصد حکومتی(G2P)منصوبوں کے تحت رقوم کی ترسیل کے لیے برانچ لیس بینکنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
’زندگی‘ اس اشتراک کے تحت،زونگ فورجی کے صارفین کے لیے ایم-والٹس(M-Wallets) کھولے گا، جس سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مستحق افراد کوحکومت کی جانب سے دی جانے والی ماہانہ مالی امداد براہِ راست ان کے اکاؤنٹس میں فراہم کی جائے گی۔ بنیادی طور پریہ پیسے غربت میں کمی اور آفات سے نمٹنے کے لیے حکومتی پروگراموں کے تحت تقسیم کیے جاتے ہیں۔یہ رقم ’زندگی‘ کے ملک بھر میں موجود ایجنٹس اور اے ٹی ایمز کے ذریعے وصول کی جاسکے گی۔
زونگ فورجی کے جدید کنیکٹیویٹی نیٹ ورک اور’زندگی‘کی ڈیجیٹل بینکنگ والی صلاحیتوں کے امتزاج کی بدولت، یہ شراکت داری مالی شمولیت کے شعبے کو مستحکم کرے گی اور سماجی اثرات کو بہتر بنائے گی۔
زونگ فورجی کے ہیڈ آف بزنس سلوشنز، فاروق رضا خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ،”یہ شراکت ڈیجیٹل جدت کو استعمال کرتے ہوئے محروم طبقات تک مالی سروسز پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ زونگ فورجی کی ملک گیر کنیکٹیویٹی اور زندگی کے جدید بینکاری پلیٹ فارم کے امتزاج سے ہم ان افراد کے لیے لین دین کو آسان اور محفوظ بنا رہے ہیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ یہ اشتراک اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح عوامی و نجی شعبے کی شراکت داری سماجی مسائل کے لیے قابلِ توسیع حل فراہم کر سکتی ہے اور ساتھ ہی تمام شراکت داروں کے لیے پائیدار کاروباری ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔“
جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’زندگی‘کے چیف پروڈکٹ آفیسر فیصل خالد بشیر نے کہاکہ،”زندگی اور زونگ فورجی کے مابین یہ تعاون حکومت کی جانب سے مالی امداد کی بڑے پیمانے پر فراہمی کو ممکن بناتا ہے، جس سے لاکھوں افراد، خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد، ضروری مالیاتی سروسز تک باآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔ یہ ایک ایسا انقلابی قدم ہے جو پاکستان کو زیادہ بہتر اور جامع ڈیجیٹل معیشت کی جانب لے جاتاہے۔“
یہ شراکت داری نہ صرف متاثرین تک فنڈز کی بروقت ترسیل کو یقینی بنائے گی بلکہ پاکستان کے ڈیجیٹل بینکنگ نظام کو بھی مضبوط کرے گی۔ دونوں ادارے اس پروگرام کی رسائی اور اثرات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لیے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس معاہدے کے ذریعے، زونگ فورجی(CMPak)اور’زندگی‘ مشترکہ طور پر جدت کو ایک ایسا ذریعہ بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں جس سے پاکستانی معیشت کی ڈیجیٹل ترقی اور سماجی اقدار کو فروغ ملے گا۔