حیدرآباد (ای پی آئی) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ سہیل احمد راجپوت (تمغہ امتیاز) کی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب سندھ، حیدرآباد سید محمد سجاد حیدر کا پریٹ آباد ہسپتال حیدرآباد کا تفصیلی دورہ ۔

دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر نے میڈیکل او پی ڈی،امراض اسکن ، چیسٹ ،امراض جگر, سرجیکل او پی ڈیز (میل و فیمیل)، پیڈز اور سمیت مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موجود کنسلٹنٹس اور ڈاکٹروں سے ادویات کی دستیابی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور ہسپتال اسٹور کا دورہ کرتے ہوئے دواؤں کے اسٹاک کا معائنہ بھی کیا۔

ریجنل ڈائریکٹر نے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ تمام او پی ڈیز میں ڈاکٹروں کے پاس ہسپتال کے اسٹور میں دستیاب ادویات کی مکمل فہرست موجود ہو تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے لیے آنے والے غریب مریضوں کو وہی دوائیں تجویز کی جائیں جو ہسپتال میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کو ترجیح دینے پر زور دیا اور کہا کہ غریب مریضوں کا علاج عین عبادت ہے

ایم ایس ڈاکٹر زاہد احمد شیخ اور سینئر سرجن ڈاکٹر عمران احمد قریشی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہر ہفتے میں 25 سے 30 آپریشن کیے جاتے ہیں اور تمام آپریشنز کی ادویات ہسپتال فراہم کرتا ہے۔ دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر نے سرجیکل وارڈز میں داخل مریضوں سے ادویات، کھانے اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
علاوازیں ریجنل ڈائریکٹر نے ریڈیالوجی، ای پی آئی سینٹر، ناک کان گلہ، ڈینٹل اور گائنی او پی ڈیز کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی و پینے کے پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ایم ایس نے اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے بتایا کہ ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔ پیتھالوجی لیبارٹری میں روز مرہ کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور دیگر کچھ ٹیسٹوں کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ اور دو ایمبولینسوں میں سے ایک فعال جبکہ دوسری فنڈز کی کمی کے باعث خراب ہے۔

آخر میں ڈاکٹر زاہد احمد شیخ، ڈاکٹر عمران احمد قریشی اور دیگر عملے کے ہمراہ ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا جس میں ریجنل ڈائریکٹر نے محتسب سندھ کے ادارے کے سرکاری اداروں میں عوامی شکایات کے ازالے میں کردار، شکایات کے اندراج کے طریقہ کار اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے دفاتر سے رجوع کرنے اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔