نواب شاہ (ای پی آئی )دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں .تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان/ایپکس کمیٹی کے تحت قائم ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوااجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع شہید بینظیر آباد کی حدود سے گزرنے والے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو اور ریلیف کے کام مزید تیز کر دیے ہیں۔
انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہیڈکوارٹرز پر موجود رہیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع میں غیر قانونی طور پر چلنے والے پٹرول پمپس اور ایل پی جی گیس کی دکانوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں۔
اسی طرح جشن عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ حیسکو حکام بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد اور سکرنڈ کو ہدایت دی کہ وہ ریلیف اور ریسکیو کے کاموں کی براہِ راست نگرانی کریں۔
اس موقع پر پاک فوج کے کرنل یاسر سہیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے بہتر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 4 ستمبر تک دریائے سندھ میں پانی کا ایک بڑا ریلہ ضلع کی حدود سے گزرنے کا امکان ہے، اس سے پہلے کچے کے علاقے میں رہنے والے افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے
اجلاس میں صحت، لائیو اسٹاک اور ریسکیو کے افسران نے کچے کے علاقوں میں لوگوں اور مویشیوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کرنے اور گشت بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید ابرار علی شاہ، ڈپٹی میئر چوھدری مبشر آرائیں، محکمہ لائیو اسٹاک، صحت، حیسکو، پولیس، اینٹی کرپشن، آبپاشی، لوکل گورنمنٹ کے افسران، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک ہوئے۔