اسلام آباد (ای پی آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے ہیں.

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے 31 جنرل اور 4 خواتین کی مخصوص نشستوں پر استعفے منظورکئے گئے ہیں اورپی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دیں.

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 35 نشستیں خالی قرار دینے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق ‏شیراکبر خان ،علی خان جدون،مجاہد علی ،ساجد خان،محمد اقبال خان،‏عامر محمود کیانی، فیاض الحسن،شوکت علی بھٹی ،ملکیہ بخاری ،عندلیب عباس، مخدوم ‏خسرو بختیار،سید فخرامام ،شیر علی ارباب، شاہد محمود، گل داد خان،‏جنید اکبر ،عثمان ترکئی ،ارباب عامر ایوب ،عمر اسلم خان، امجد علی خان،‏خرم شہزاد، فیض اللہ، ملک کرامت علی کھوکھر ،ہورحسین قریشی، ابراہیم خان کی نشستیں خالی قرار دی ہیں.

نوٹیفیکیشن کے مطابق ‏طاہر اقبال، اورنگزیب خان کھچی ، عبدالمجید خان، ،عاصمہ قدیر اور منورہ بی بی بلوچ کی نشستیں خالی قرار دی گئی ہیں.

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے 17 جنوری کو بھی پی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے تھے.

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرکے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا لیے۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں جنید اکبر، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری شامل ہیں۔اس کے علاوہ حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔

اس فہرست میں خسرو بخیتار اور عامرکیانی کے ساتھ ساتھ فخر امام اور کرامت کھوکھر بھی شامل ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے مذید 35 ارکان اسمبلی کے استعفے موصول ہو گئے ہیں، الیکشن کمیشن ضابطے کی کارروائی کے بعد جلد اراکین کوڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔