کراچی (ای پی آئی ) پاکستان ریلویز اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مابین کینٹ اسٹیشن اور سٹی اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے معاہدہ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ وسیم شمشاد، چیئرمین ریلوے سید مظہر علی شاہ، سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ، ایڈیشنل جنرل مینیجر انفرا حماد حسن مرزا، ڈی ایس ریلوے کراچی محمود رحمان لاکھو، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی، اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ڈی ایس ریلوے کراچی نے معاہدہ پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کراچی کینٹ اسٹیشن اور سٹی اسٹیشن پر صفائی ستھرائی اور ٹرینوں کے ساتھ ساتھ اسٹیشن کے اطراف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صفائی کرے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی جو اس ملک کا معاشی حب ہے یہاں ریلوے کے نظام کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ وزیر ریلوے نے کہاکہ کینٹ اسٹیشن پر مسافروں کی سہولیات کے لئے جدید خطوط پر ویٹنگ ہالز بنائے گئے ہیں جہاں مسافروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پنجاب میں بھی ریلوے اسٹیشن پر صفائی ستھرائی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے سولڈ ویسٹ کمپنیوں سے معاہدے کئے ہیں جس کے بعد وہاں صفائی کا نظام بہت بہتر ہوا ہے۔ کراچی کے کینٹ اور سٹی اسٹیشن پر بھی ہم سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے جدید صفائی کے نظام کو متعارف کروانے جارہے ہیں۔
وزیر بلدیات سعید غنی نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان ریلویز کی خدمات دن بدن بہتر ہوں اور اس سے پورے ملک کے عوام کو سہولیات میسر ہوں یہ ہماری بھی کوشش ہے۔اس وقت پاکستان ریلویز میں جو اصلاحات کی جارہی ہیں ہم اس پر بھرپور ساتھ دینے کو تیار ہیں۔
سعید غنی نے کہاکہ سندھ حکومت بھی چاہتی ہے کہ اس صوبے کے کروڑوں عوام کو اچھی، سستی اور بہتر سفری سہولیات فراہم ہوسکیں۔ انیوں نے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے تمام صوبوں کی طرح سندھ میں بھی اہم ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولیات کے لئے جدید خطوط پر انتظار گاہ کی تعمیر خوش آئند ہیں۔
سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کراچی کے دونوں ریلوے اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔
سعید غنی نے مزید کہاکہ جلد ہی خود دونوں ریلوے اسٹیشنز کا دورہ بھی کروں گا اور ان اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی کے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔