خضدار (ای پی آئی )بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے دو تلوار میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما آغا شکیل احمد درانی اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آغا شازیب درانی کے گھر پر نامعلوم افراد کادستی بموںسے حملہ ۔
ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے گھر کی بیرونی دیوار پر دستی بم پھینکا جس سے دھماکہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جو علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش ہے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ سات محافظوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور گواہوں کے بیانات کی مدد سے تحقیقات کی جارہی ہیں، ہم حملہ آوروں کو جلد گرفتار کریں گے اور ان کے پیچھے چھپے عناصر کو بے نقاب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زخمی محافظوں کو فوری طور پر خضدار ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں جلد ڈسچارج کردیا جائے گا، یہ واقعہ بلوچستان میں سیاسی رہنماؤں پر حملوں کی حالیہ لہر کا حصہ ہے۔