دادو(ای پی آئی)سندھ کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر تقریبا دوسال بعد ہلکی برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا ۔
سندھ کا مری کہلائے جانے والا گورکھ ہل ا سٹیشن دو سال بعد برف کی سفید چادر اوڑھے نظر آیا ہے ، برفباری سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا وہیں سیاحوں کی بڑی تعداد نے موسم کا لطف اٹھانے کیلئے اس علاقے کا رخ کیا ۔
انچارج گورکھ جمن جمالی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس مقام پر دوسال بعد برفباری ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
یہ ہل سٹیشن دادو شہر سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر کھیرتھر رینج میں سطح سمندر سے 5,800 فٹ بلندی پر واقع ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔