واشنگٹن(ای پی آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بار پھر غزہ کا اقتدار چھوڑنے سے انکار پرحماس کو صفحۂ ہستی سے مٹا نےکی دھمکی ۔ ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر حماس نے غیر مسلح ہونے اور غزہ کا کنٹرول فلسطینی انتظامیہ کے حوالے کرنے سے انکار کیا، تو اسے “مکمل تباہی” کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹرمپ کے منصوبے میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی، حماس کا غیر مسلح ہونا اور غزہ کی حکمرانی کے لیے ایک غیر سیاسی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے قیام کی تجویز شامل ہے۔

دوسری جانب حماس نے ٹرمپ کے منصوبے پر محتاط مگر مثبت ردعمل دیا ہے۔ حماس کے رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ تنظیم فوری مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن اسرائیلی قبضے کے خاتمے سے قبل غیر مسلح نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ ایک جامع فلسطینی قومی فریم ورک کے اندر ہونا چاہیے۔