کراچی(ای پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر تعلیم آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 66 برس تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو چند ہفتے قبل برین ہیمرج کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ مسلسل زیر علاج رہے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

آغا سراج درانی کا شمار پیپلز پارٹی کے وفادار، اصول پسند اور دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی رفقاء میں شامل تھے اور سندھ کی سیاست میں کئی دہائیوں تک متحرک کردار ادا کرتے رہے۔ وہ کئی مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 2013 سے 2023 تک اسپیکر سندھ اسمبلی کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ اس سے قبل وہ وزیر تعلیم سندھ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ان کے خاندان کا سیاست سے گہرا تعلق رہا ہے۔ ان کے والد اور چچا بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "آغا سراج درانی پاکستان پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے۔ انہوں نے سندھ اسمبلی کے ادارے کو مضبوط کرنے، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی خدمت کو ہمیشہ اپنی سیاست کا محور بنائے رکھا۔ ان کی سیاسی، پارلیمانی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”

وزیراعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا نے بھی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا ہے..