کراچی (ای پی آئی ) ماہرین کے مطابق دوپہر کے وقت کھانے کے بعد مختصر نیند جسم اور دماغ کے لیے بے حد مفید ہے۔ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد چند منٹ کے لیے سونا جسمانی توانائی بحال کرتا ہے، یادداشت بہتر بناتا ہے، مزاج خوشگوار کرتا ہے اور ذہنی دباؤ کم کرتا ہے۔

ماہرین کی تحقیقات کے مطابق مطابق دوپہر کے کھانے کے بعد نیند یادداشت کو مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، دوپہر کی مختصر نیند دن کے آغاز کی چیزوں کو یاد رکھنے میں اتنی ہی مدد دیتی ہے جتنی رات کی نیند، قیلولہ آپ کو بھلکڑ بننے سے محفوظ رکھتا ہے اور دماغ کو تازگی بخشتا ہے۔

اسی طرح قیلولہ صرف یادداشت نہیں بلکہ دماغ کی ارتکازِ توجہ کی صلاحیت کو بھی بہتر بناتا ہے، ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ جو لوگ روزانہ دوپہر کو تھوڑی دیر سوتے ہیں، وہ معلومات کو زیادہ بہتر انداز میں یاد رکھتے ہیں جبکہ دن بھر ایک ہی کام دہرانے سے ذہنی تھکاوٹ پیدا ہوتی ہے، مگر قیلولہ آپ کو تازہ دم کر دیتا ہے، ماہرین کے مطابق دوپہر کی نیند سے تسلسل اور کارکردگی میں واضح بہتری آتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ اداسی یا تھکن محسوس کر رہے ہیں تو چند منٹ کے قیلولے سے موڈ بہتر ہو جاتا ہے، یہ مختصر نیند دماغ میں سکون اور اطمینان پیدا کرتی ہے۔
دوپہر کے کھانے کے بعد اکثر لوگ سستی محسوس کرتے ہیں، جو فطری عمل ہے، ایسے میں قیلولہ دماغ کو دوبارہ چوکنا اور فعال کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قیلولہ 20 سے 30 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، ورنہ ذہنی سستی بڑھ جاتی ہے، مختصر نیند زیادہ فائدہ مند اور توانائی بحال کرنے کے لیے بہترین ہے۔اگر آپ تھکاوٹ دور کرنے کے لیے کافی یا چائے پر انحصار کرتے ہیں تو قیلولہ ان سے کہیں زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے، یہ یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت میں کیفین کے مقابلے میں زیادہ مدد دیتا ہے۔

اگر آپ کو علم ہو کہ رات کی نیند پوری نہیں ہوگی، تو دوپہر کی نیند جسم کو متوازن رکھتی ہے اور رات جاگنے کے اثرات کم کرتی ہے۔تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ جو لوگ دوپہر میں سوتے ہیں ان کا بلڈ پریشر عموماً کم رہتا ہے، جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

اسی طرح قیلولہ دماغ کو تازگی دیتا ہے جس سے تخلیقی سوچ بیدار ہوتی ہے اور نئے خیالات پیدا ہوتے ہیں۔ماہرین کے مطابق زیادہ تر قیلولے کا بہترین وقت دوپہر 2 سے ساڑھے 3 بجے کے درمیان ہے، جب جسم فطری طور پر سستی محسوس کرتا ہے، البتہ اگر رات کی نیند کم ہوئی ہو تو قیلولہ تھوڑا جلدی کرنا بہتر ہے۔