اسلام آباد(محمداکرم عابد)پارلیمانی پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے نیشنل لاجسٹک سیل کے ڈیفنس ہاوسنگ سوسائٹی کے رہائشی گھرکی دفترکے لئے خریداری کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی ہدایت کردی ۔
آڈٹ حکام کے مطابق گھر پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریدا گیا۔کمیٹی اجلاس کنوینر معین عامر پیرزادہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس کے دوران وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حسابات سے متعلق سال 201213 سے 201516 تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔این ایل سی کی جانب سے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دفتر کے ساتھ رہائش گاہ کےلئے رہائشی گھر کی خریداری سے متعلق آڈٹ اعتراض پیش کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق این ایل سی انتظامیہ نے ڈی ایچ اے میں ایک رہائشی گھر بغیر اشتہار کے 20 ملین میں خریدا۔گھر پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریدا گیا،متعلقہ حکام کے گیا گھر ابھی تک این ایل سی کے پاس ہے، اس میں کوئی نقصان اور غبن نہیں ہوا۔
کنوینر کمیٹی نے استفسارکیا کہ ہم اس کو کس بنیاد پر سیٹل کریں؟ پیپرا رولز کی خلاف کرتے ہیں تو اس افسر کے خلاف ایکشن ہونا چاہئے، سربراہ کمیٹی نے کہا کہ رہائشی گھر میں آفس بنانے کے لئے اجازت کیسے دی گئی؟ کمیٹی نے آڈٹ حکام کو این ایل سی کی انکوائری کی تصدیق کرنے کی ہدایت کردی،انکوائری کی تصدیق کی بنیاد پر اس کو سیٹل کیا جائے گا۔


