اسلام آباد(ای پی آئی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ عوام فرسودہ، ناکارہ، عوام دُشمن نظام سے تنگ اور اِس کے باغی ہیں۔
مختلف اضلاع کے تنظیمی دورے کے مو قع پر ذمہ داران اور کارکنان سے گفتگو کر تے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ ۔جماعت اسلامی کا مینار پاکستان پر ہو نے والا اجتماع عام ملکی تاریخ کا سب سے بڑااجتماع ہو گا جس میں لاکھوں مرد وخواتین اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک ہوں گے، اجتماع عام مو جو دہ استحصالی نظام کو بدلنے کے لیے پیش خیمہ ثابت ہو گا،اکیس تا تئیس نو مبر کو ہو نے والے عظیم الشان اجتماع عام میں دُنیا بھر سے اسلامی تحریکوں سمیت80 ممالک کے مندوبین بھی شر یک ہوں گے.
انھوں نے کہا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اجتماع عام میں چہرے نہیں نظام کو بدلنے کا پروگرام دیں گے،سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، ہزارہ، کشمیر، گلگت بلتستان سے شرکاء رنگ و نسل، تعصبات، فرقہ پرستی سے بالاتر ہوکر شریک ہونگے،عوام فرسودہ، ناکارہ، عوام دُشمن نظام سے تنگ اور اِس کے باغی ہیں۔ ”بدل دو نظام” کے سلوگن کے ساتھ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن اجتماعِ عام میں قومی پُرامن مزاحمت اور جدوجہد کا لائحہ عمل دیں گے۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ملک بھر میں بنو قابل پرو گرام مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے،بارہ لاکھ نوجوان بچے اور بچیوں نے اس پروگرام میں رجسٹریشن کروا لی ہے، یہ بات ثا بت کر تی ہے کہ جماعت اسلامی حکومت کے بغیر بھی ملک کے لیے حکومتوں سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، موجودہ حالات میں قوم اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی، ہمیں اپنے حق کے لیے بھی لڑنا ہے اور تعلیم، ہنر میں بھی آگے بڑھنا ہے.
انھوں نے کہا مینار پاکستان پر ہو نے والا اجتماع عام ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا،یہ اجتماع بد ل دو نظام کے نعرے کی بنیاد پر ہورہا ہے، جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی مدد سے ملک پر مسلط ظلم و جبر کے اس نظام کوتبدیل کرنا ہے۔


