اسلام آباد(ای پی آئی) پاکستان میں خواتین کو ہراسگی سے بچانے کیلئے قائم محتسب کے ادارے (فوسپا( نے شکایت گزار خاتون کی جانب سے دائر کردہ وراثتی جائیداد کے تنازعے کو کامیابی سے حل کیا۔ شکایت گزار نے اپنے دو بھائیوں اور والدہ کے خلاف اپنے والد کی جائیداد، واقع ہاؤس نمبر 178، اسٹریٹ 91، سیکٹر I‑8/4 اسلام آباد، میں اپنے قانونی حصے کے حصول کے لیے درخواست دی تھی۔
فوسپا نے معاملہ موصول ہونے پر سب سے پہلے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے جائیداد کی باقاعدہ الاٹمنٹ قانونی ورثاء کے نام کروائی۔ اس کے بعد فریقین کے درمیان مصالحت کا عمل شروع کیا گیا۔ بنیادی اختلاف جائیداد کی قیمت کے تعین پر تھا۔ شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے فوسپا نے ایک مقامی کمیشن مقرر کیا، جس نے مارکیٹ ویلیو 10 کروڑ روپے مقرر کی۔ تمام فریقین نے اس قیمت پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ بیان ریکارڈ کروایا اور معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا۔
طے شدہ معاہدے کے مطابق شکایت گزار کا قانونی حصہ 1 کروڑ 75 لاکھ روپے مکمل طور پر ادا کر دیا گیا ہے۔ رقم وصول کرنے کے بعد شکایت گزار نے اپنے بھائی کے حق میں بیان جمع کروایا اور اپنا حصہ منتقل کر دیا۔
یہ کیس خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کے لیے فوسپا کے مضبوط عزم کی واضح مثال ہے۔ فوسپا نہ صرف قانونی معاونت فراہم کرتا ہے بلکہ مصالحت، رہنمائی اور ایک محفوظ فورم بھی مہیا کرتا ہے جہاں خواتین بلا خوف اپنے حقوق کا مطالبہ کر سکیں۔ خواتین کے جائیدادی حقوق کا تحفظ ان کی معاشی خودمختاری، وقار اور بااختیار معاشرے کی بنیاد ہے، اور فوسپا اس مقصد کے لیے پُرعزم ہے۔


