چندیرہ مظفرآباد(ای پی‌آئی) حلقہ کھاوڑا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے حصول کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آ گئی ہے۔

اسی سلسلے میں یونین کونسل چڑک پورا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے امیدوار اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مالیات، شفقت علی چوہدری کی زیرِ صدارت ایک بڑے اور بھرپور عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنان، عہدیداران، معززین علاقہ اور حلقے کی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت علی چوہدری نے کہا کہ حلقہ کھاوڑا کے باشعور عوام آج واضح طور پر یہ فیصلہ کر چکے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ کس امیدوار کو ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رائے اور کارکنان کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اگر آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ٹکٹ کا فیصلہ کسی دباؤ، مصلحت یا ذاتی مفادات کے تحت کیا تو اس کے منفی اثرات صرف حلقہ کھاوڑا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کا نقصان پورے آزاد کشمیر میں پارٹی کو بھگتنا پڑے گا۔

شفقت علی چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کسی فرد یا گروہ کی جاگیر نہیں بلکہ یہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی عوامی، جمہوری اور نظریاتی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان شاءاللہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے پاس خود جائیں گے، حلقہ کھاوڑا کے عوام اور کارکنان کا مؤقف پوری جرات، دیانت اور مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کریں گے اور حق و سچ کی اس جدوجہد میں سرخرو ہو کر واپس آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص وقتی شہرت، میڈیا مائیک یا مصنوعی طاقت کے ذریعے حلقہ کھاوڑا کے عوام کے جمہوری اور بنیادی حق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتا۔ پارٹی کارکنان مکمل طور پر متحد ہیں اور عوامی فیصلے کا ہر صورت احترام یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی اصل طاقت اس کے مخلص کارکنان اور عوام ہیں، جن کی آواز کو دبانا کسی کے لیے ممکن نہیں۔

شفقت علی چوہدری نے کہا کہ حلقہ کھاوڑا کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی پارٹی کو مزید مضبوط، منظم اور کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور جمہوری جدوجہد کو اپنی پہچان بنائیں اور پارٹی قیادت کے سامنے عوامی مینڈیٹ کا بھرپور دفاع کریں۔