اسلام آباد(ای پیآئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کو بگٹی قبائل کے آٹھویں چیف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میر سرفراز احمد بگٹی کا بگٹی قبائل کے چیف کے طور پر انتخاب بگٹی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز میر سرفراز بگٹی کی سیاسی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں اور بلوچستان کے عوام کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے لیے ان کی مسلسل خدمات کا اعتراف ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا بطور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے صوبے میں ترقی، تعلیم کے فروغ اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامع ترقی اور سیاسی استحکام کے حوالے سے ان کا وژن ان کی بالغ نظری اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز کی گہری فہم کا مظہر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ بلوچستان اس وقت بھارتی سرپرستی میں ہونے والی فتنہ الخوارج اور سرحد پار دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جو امن و ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر سرفراز احمد بگٹی بلوچستان کے عوام، پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے سمیت پورے ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے میر سرفراز احمد بگٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بگٹی قبائل کے چیف کی حیثیت سے وہ مزید عزم اور اعتماد کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور بلوچستان میں اتحاد و یکجہتی، سیاسی استحکام اور امن و امان کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔


