کراچی(ای پی آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے چیئرمین نیب کی خصوصی ہدایات پر زمین پر قابضین (لینڈ گریبرز ) کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی سپر ہائی وے پر واقع 250 ایکڑ قیمتی سرکاری زمین، جس کی مالیت سینکڑوں ملین روپے بتائی جاتی ہے، واگزار کرا لی ہے۔ یہ کارروائی نیب کی تفتیشی ٹیم کی تحقیقات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے کوکو گرین کے نام پر قائم ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق زمین کی تمام بوگس اور غیر قانونی انٹریز منسوخ کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ زمین سرکاری ملکیت تھی جسے جعلی ریکارڈ کے ذریعے نجی ملکیت ظاہر کیا گیا تھا۔

مزید بتایا جا رہا ہے کہ کراچی سپر ہائی وے کے اطراف ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین پر مختلف مافیا گروپس کے قبضے کی اطلاعات ہیں، جن کے خلاف نیب کراچی مزید سخت کارروائی کی تیاری کر رہی ہے۔

نیب حکام کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرائی جا چکی ہے، جبکہ لینڈ گریبرز کے خلاف احتساب کا عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے۔