اسلام آباد(محمداکرم عابد)ایوان صدر سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے لئے کھل گیا۔
کیا صدر زرداری کے صاحبزادے سربراہ پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کی طرح چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکو وزیراعلی سہیل آفریدی کے ہمراہ رسائی ملے گی۔
سندھ حکومت پر بریفنگ ہوسکتی ہے تو کیا خیبرپختونخواحکومت کو اجازت ملے گی؟قومی اتحادکی علامت ایوان صدر سے متعلق سیاسی پارلیمانی جمہوری حلقوں میں اہم سولات اٹھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے ایوان صدرمیں سندھ حکومت کے بریفنگ سیشن کی میزبانی سے ملک میں نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے سوالات اٹھ گئے ہیں کہ ایوان صدر جوکہ قومی اتحاد کی علامت ہے کسی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اسی قسم کے بریفنگ سیشن کی متعلقہ جماعت کے سربراہ کو اجازت ملے گی۔
کیا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرخان کو بھی اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیراعلی سہیل آفریدی کے ہمراہ خیبر پختونخواحکومت کی کارکردگی سے ایوان صدر میں غیرملکی سفیروں،اہم سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان مالیاتی اداروں کے نمائندوں کو آگاہ کرنے کا موقع میسر آئے گا۔
پی ٹی آئی نے ممکنہ طورپر اس قسم کی اجازت مانگ لی تو ایوان صدر کے مکین یا منتظم اعلی کا کیا ردعمل ہوگا کیا ایوان صدر کے دروازے مخصوص سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے لئے کھلے ہیں، سیاسی جمہوری حلقوں میں سلگتے سولات اٹھ گئے۔سب کو ان سوالات کے جواب کا انتطار ہے مفاہمت کے علمبرداروں سے دیکھتے ہیں کیا جواب آتا ہے بہرحال مورخ کی کڑی نظریں ہیں۔
اچھی بات ہے کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی شرجیل میمن،سندھ کابینہ کے دیگر ارکان کے ہمراہ بلاول بھٹو صوبائی حکومت کی کارکردگی پر ایوان صدر میں بریفنگ دیتے دکھائی دیئے ناقدین کا کہنا ہے کہ اس مقام کی قومی اتحاد کی حثیت کو مزید تقویت ملے جب کسی اور صوبہ کے لئے بھی اس قسم کی بریفنگ کے لئے ایوان صدررسائی ملے۔سوالات تعاقب کرتے رہیں گے۔


