اسلام آباد (ای پی آئی ) پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ کے سالانہ انتخابات میں عمران وسیم پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ کے صدر جبکہ امانت رضا گشکوری جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں.

الیکشن کمشنر اختر صدیقی نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ صدارتی امیدوار حسنات ملک نے بطورامیدوار باضابطہ کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں اس لیے جمعہ 23 جنوری کوہونے والا صدارتی انتخاب نہیں ہوگا۔عمران وسیم سمیت بلا مقابلہ منتخب ہونے والے کامیاب امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جمعہ کو جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بلامقابلہ منتخب ہونے والے دیگر عہدیداران میں ابرار حسین استوری نائب صدر، میاں نثار عابد سیکرٹری خزانہ، سحرش خان سیکرٹری اطلاعات ،زاہد شریف چوہدری ،روف بزمی، سبین شہباز ممبر ایگزیکٹو باڈی شامل ہیں .

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے سالانہ انتخابات میں نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے.

تہنیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے عمران وسیم کو صدر، امانت رضا گشکوری کو جنرل سیکرٹری، ابرار استوری کو نائب صدر، عابد نثار کو سیکرٹری خزانہ، سحرش خان کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ زاہد شریف، رؤف بزمی اور سبین شہباز کو ممبر ایگزیکٹو باڈی منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ ایک اہم اور باوقار صحافتی فورم ہے، پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورات عدالتی رپورٹنگ میں پیشہ ورانہ اقدار، ذمہ دار صحافت اور آئین و قانون کی بالادستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ امید ہے نومنتخب قیادت صحافی برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کی آزادی، تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی.

اٹارنی جنرل پاکستان منصور اعوان نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران وسیم کو صدر،امانت گشکوری کو جنرل سیکرٹری، ابرار استوری کو نائب صدر، عابد نثار کو سیکرٹری خزانہ، سحرش خان کو سیکرٹری اطلاعات .محمدزاہد شریف چوہدری ،رؤف بزمی اور سبین شہباز کو ممبران ایگزیکٹو باڈی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں

اٹارنی جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ ایک نہایت اہم اور مؤثر فورم ہے، پاس کا عدالتی رپورٹنگ میں پیشہ ورانہ اقدار اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں اہم کردار ہے، ریاستی ادارے اس مقصد کے حصول میں صحافی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے.

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے سالانہ انتخابات میں نو منتخب عہدیداران کو کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے تہنیتی پیغام میں عمران وسیم کو صدر، امانت رضا گشکوری کو جنرل سیکرٹری، ابرار استوری کو نائب صدر، میاں نثار عابد کو سیکرٹری خزانہ، سحرش خان کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ زاہد شریف، رؤف بزمی اور سبین شہباز کو ایگزیکٹو باڈی کے ممبران منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ سپریم کورٹ سے وابستہ صحافی آئینی اداروں، قانون کی حکمرانی اور عوام کو بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب قیادت صحافی برادری کے مسائل کے حل، پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ اور ذمہ دار صحافت کے تسلسل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی اور صحافتی خدمات کے تسلسل کے لیے دعا کی