اسلام آباد(محمداکرم عابد)وزیردفاع خواجہ آصف نے سہیل آفریدی کی وزارت اعلی کوخطرہ قراردے دیا کہتے ہیں وزیراعلی خیبرپختونخوا کی نوکری خطرے میں ہے ، وزیراعلی خیبر پختونخواہ نے نوکری بچانے کے لیے رہائی فورس کا اعلان کیا ہے ، وزیراعلی خیبر پختونخوا کی نوکری پکی کرنے پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارلیمینٹ ہاو¿س میں میڈیا کے استفسارپر کیا۔خیال رہے کہ عمران خان کی رہائی کی احتجاجی تحریک کے حوالے سے علیمہ خان نے وزیراعلی سہیل آفریدی کی کارکردگی پر عدم اعتمادکرتے ہوئے غیررسمی طورپر کہہ چکی ہیں کہ کہ لگتا اس سہیل آفریدی کو بھی بدلنا پڑے گا ۔وزیراعلی دفاعی پوزیشن میں رہائی فورس بنانے اور دیگر اعلانات کر رہے ہیں ۔حکومت کی طرف سے واضح کردگیا ہے کہ ریاست سے ٹکرانے کی ہرکوشش کو پہلے کی طرح کچل دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخواکی اعلان کردہ رہائی فورس غیرآئینی اور غیرقانونی ہے ، کسی فورس کا قیام ریاست کا استحقاق ہے ، وفاق کے علاوہ کوئی فورس بنانا کسی کا استحقاق نہیں ۔وزیردفاع نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل اور ڈھیل کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بیرون ملک یا بنی گالہ منتقل کرنے کیلیے کسی سطح پر کبھی گفتگو نہیں ہوئی ، سہولتوں کے حوالے سے ممکن ہے بانی پی ٹی آئی کو اپروچ کیا گیا ہو ،مارکیٹ میں اپنی پراڈکٹ رکھنے کے لیے ڈیل کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں ، اب اس پراڈکٹ کے پلے کچھ نہیں رہ گیا ،ڈیل کی باتیں کرکے یہ اپنی دکان کھلی رکھنا چاہتے ہیں ، ڈیل کی باتیں کرکے پی ٹی آئی نے لوگوں کو آسرا تو دینا ہے ، ان لوگوں کو وطن عزیز ہے یا ایک شخص عزیز ہے ، وطن کو دوام ہے کسی شخص کو دوام نہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کو منفرد مقام ملا ہے ، صدر ٹرمپ نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی تعریف کی ہے ،
صدر ٹرمپ پاک بھارت جنگ کا ساٹھ ستر مرتبہ ذکر کیا ہے ، : صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی اجتماع میں پاک فوج کی طاقت کا اعتراف کیا ہے ، صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے ، وزیراعظم کی دانش کا اعتراف کیا جانا بھی بہت بڑی عزت ہے ، وزیراعظم کا دورہ امریکہ پاکستان کے حوالے سے بہت اچھا رہا ہے ، غزہ امن بورڈ اجلاس میں فلسطینیوں کو بسانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔ انشاءاللہ غزہ پھر آباد ہوگا وہاں فلسطینی آباد ہوں گے ، فلسطینی ریاست وجود میں آئے گی ، اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کو سرخرو کرے ، جنگ بندی کے باوجود ساڑھے سات سو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔