اسلام آباد (ای پی آئی): ایم او ایل پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ٹل بلاک میں گیس کے کنویں کی کامیاب دریافت کا اعلان کیا ہے جس سے 26.5 MMSCF گیس حاصل ہو گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس نئی دریافت سے توانائی کے تحفظ کو مقامی وسائل کے ذریعے بہتر بنانے میں مدد دے گی اور ملک کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ ہو گا۔

کمپنی کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخواہ ضلع کوہاٹ میں واقع بلیٹنگ-1-ایس ٹی-1 ایکسپلوریٹری کنویں میں لمشی وال فارمیشن سے پہلے سے دریافت شدہ گیس اور معمولی مقدار میں کنڈینسیٹ کی تشخیص مکمل کر لی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 26.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی قدرتی گیس کا بہاو حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ ایم او ایل پاکستان ٹل بلاک میں جوائنٹ وینچر میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

کمپنی اعلامیے کے مطابق اس کنویں کی کھدائی 10 اگست 2025 کو شروع کی گئی تھی اور بہتر ریزروائر کوالٹی حاصل کرنے کے لیے اسے سائیڈ ٹریک کیا گیا۔ کنواں کامیابی سے 4004 میٹر ٹی وی ڈی (حقیقی عمودی گہرائی) تک کھودا گیا جبکہ وائر لائن لاگز کے ڈیٹا کی تشریح کی بنیاد پر لمشی وال فارمیشن کا کامیاب ٹیسٹ کیا گیا، جس میں تقریبا 26.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ (MMSCFD) گیس (تقریبا 5065 بی او ای پی ڈی حاصل ہوئی۔ 32/64 انچ چوک سائز اور 4214 پی ایس آئی ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر (WHFP) پر اس دریافت کی موجودہ دریافت کے اس تخمینے نے ٹل بلاک میں مزید تلاش سے متعلق خطرات کو محدود کر کے ترقی کے نئے اور وسیع تر امکانات کے راستے کھول دیے ہیں۔۔

ایم او ایل حکام کے مطابق یہ دریافت ملکی توانائی کے تحفظ کو مقامی وسائل کے ذریعے بہتر بنانے میں مدد دے گی جبکہ مول پاکستان اس کے جوائنٹ وینچر پارٹنرز اور ملک کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ کرے گی۔ ایم او ایل گروپ کے ریجنل نائب صدر برائے مشرقِ وسطی، افریقہ اور پاکستان، علی مرتضی عباس نے اس کامیابی پر ایم او ایل پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مشترکہ تکنیکی جدت اور بروقت فیصلوں کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک، کا مسلسل تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ختم شد