کشمور (حاکم علی نصیرانی) صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں دو مختلف واقعات میں عورت سمیت 7 افراد قتل ہوگئے.

تین‌صوبوں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے سنگم پر واقع شہر کشمور میں کچے کا علاقہ موت کا گڑھ بن گیا۔ قبائلی جھگڑوں کی وجہ سے ایک ہی دن دو مختلف واقعات میں ایک عورت سمیت سات افراد لقمہ اجل بن گئے۔

گبلو تھانہ کی حدود میں بنگوار برادری کے دو مختلف گروہوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں ایک عورت سمیت چار افراد قتل ہو گئے۔ مقتولین کی شناخت میہار بنگوار غلام فرید بنگوار اور ایک عورت شامل ہیں

دوسرا واقعہ کشمور کچہ کے علاقے حاجی خان تھانہ کی حدود میں ہوا جہاں شر اور کوش برادری کے مابین دیرینہ بھینس چوری کے معاملے پر ایک بار پھر فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بدنام زمانہ ڈاکو بھوری کٹ شر اپنے بھائی معروف شر کے ہمراہ قتل ہوگئے جبکہ کوش برادری کا ایک فرد نورو کوش بھی فائرنگ میں جاں بحق ہوگیا۔

اطلاع ملتے ہی انچارج 15 طارق عباس سولنگی نے پولیس کے ہمراہ بروقت جائے واردات پر پہنچ کر فائرنگ رکوائی اور لاش اپنے تحویل میں لیکر تحصیل ہسپتال کشمور منتقل کر دیئے۔ قانونی کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

دونوں واقعات میں پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ملزمان کے گھروں پر چھاپے مارے لیکن ملزمان گھر خالی کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یاد رہے کہ بنگوار برادری کے اب تک چھ افراد اور شر کوش برادریوں کے دس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں