اسلام آباد(ای پی آئی)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں محسن رضا نقوی کی بطور وزیرِ اعلی پنجاب تعیناتی چیلنج کر دی۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکریٹری پی ٹی آئی عدالتِ عظمی میں درخواست دائر کی ہے۔عدالتِ عظمی سے تحریک انصاف کی جانب سے محسن نقوی کو بطور نگراں وزیرِ اعلی پنجاب کام کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

تحریکِ انصاف نے سپریم کورٹ میں راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی چیلنج کیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر بابر حسن اور اکرام اللہ کی تعیناتی غیر آئینی قرار دی جائے،

محسن نقوی کا نگراں وزیرِ اعلی تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے، راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی غیر آئینی ہے، اسے کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے اور آئینی ذمے داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، الیکشن کمیشن کی تشکیل آرٹیکل 218 کے تقاضوں پر پوری نہیں اترتی۔