اسلام آباد،(ای پی آئی) اڈیالہ جیل میں قید ایمان مزاری کو مناسب طبی سہولیات نہ ملنے پر انکے خاندان نے تشویش کا اظہار کیا ہے
ایمان مزاری کی فیملی کی جانب سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے ۔جس میں کیاگیا ہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ 23 جنوری 2026 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں ، سزا کے خلاف ان کی سزا معطلی درخواستیں ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں نہیں سنی گئیں ،
مزاری فیملی کاکہنا ہے کہ اس دوران ہم جیل میں ہفتہ وار ملاقاتوں سے مطمئن تھے لیکن ہم یہ بیان جاری کرنے پر مجبور ہیں ، گزشتہ تین ہفتوں سے ایمان مزاری کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے جس سے جیل میں موجود طبی سہولیات پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں ،
بیان کے مطابق ایمان مزاری نے سب سے پہلے مسوڑوں سے شدید خون بہنے کی شکایت کی لیکن جیل میں کوئی ڈینٹسٹ دستیاب نہیں تھا ، ہم نے اپنے ڈینٹسٹ سے مشورے کے بعد اس کے لیے دوا بھجوائی لیکن تمام دوا اس تک نہیں پہنچ سکی ،
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے ہفتے اسے معدے کے مسائل تھے اور طبی لحاظ سے پھر بھی توجہ نہیں دی گئی ، بدترین بات یہ ہے Zedron نامی دوا جو بنیادی طور پر کینسر کے مریضوں کے لیے ہے اس پر واضح لکھا ہے اسے بچے پیدا کرنے کی عمر کی خواتین کو نہیں دیا جانا چاہیے وہ اسے دے دی دی گئی ،
مزاری فیملی نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ایمان کو سینے کا انفیکشن ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ، ایمان مزاری کا بلڈ ٹیسٹ کیا گیا جس سے انفیکشن ظاہر ہوا اس لئے اس کا سینے کا ایکسرے کروانا ضروری ہے ،
بیان میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام نے ابھی تک سینے کا ایکسرے نہیں کروایا تاکہ انفیکشن کی وجہ معلوم کی جا سکے ، ہماری تشویش اور بھی بڑھ گئی ہے کہ اڈیالہ جیل کے خواتین وارڈ میں جن قیدیوں کو متعدی بیماریوں کی تشخیص ہوئی ہے انہیں الگ نہیں رکھا جاتا۔
مزاری فیملی کے مطابق وہ خواتین دیگر قیدیوں کے ساتھ ساتھ بھی ملتی جلتی ہیں خواتین کے لیے طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کی دستیابی بھی انتہائی ناقص ہے، یہ جیل کے اندر ناکافی طبی سہولیات ہیں قیدیوں کی فلاح و بہبود ریاست کی ذمہ داری ہے جسے ہلکا نہیں لینا چاہیے ،
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم یہ بھی دہرانا چاہیں گے کہ اگر ان کی سزا معطلی کی درخواستیں بروقت سنی جائیں تو ان تمام صحت کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے جیل حکام اور حکومت مطالبہ کرتے ہیں ایمان مزاری کا سینے کا ایکسرے جلد از جلد کروایا جائے ، مزاری فیملی
بیان کے مطابق تمام خواتین قیدیوں کو مناسب طبی سہولیات بشمول ڈینٹل کیئر فراہم کی جائیں ، متعدی بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کو عزت کے ساتھ الگ/قرنطینہ کیا جائے تاکہ دیگر قیدیوں کو محفوظ رکھا جا سکے، تمام قیدیوں کو اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور متعلقہ ادویات تک رسائی دی جائے ،
مزاری فیملی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 8 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقرر ایمان اور ہادی کی سزا معطلی کی درخواستوں کی مخالفت نہ کرے ،


