اسلام آباد(ای پی آئی) قائم مقام صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان سردار ایاز صادق نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے نومنتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قائم مقام صدر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کا وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونا ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب وزیراعظم اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کو ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کریں گے۔
قائم مقام صدر سردار ایاز صادق نے کہا کہ وفاق آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کے تسلسل کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
قائم مقام صدر نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی کامیابی اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔


