اسلام آباد(ای پی آئی) سچائی اور دیانت داری ایک سرکاری افسر کی نمایاں خصوصیات اور مؤثر عوامی خدمت کی بنیاد ہیں‘‘، یہ ببیان سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (NIPA) اسلام آباد میں 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہا کہ سرکاری افسران پر اپنے فرائض کی ادائیگی میں دیانت داری، پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور احساسِ ذمہ داری کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے اخلاقی اقدار اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے 44 افسران میں اسناد تقسیم کیں۔

ڈائریکٹر جنرل نیپا اسلام آباد عاصم اقبال نے افسران کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کورس انہیں اعلیٰ ذمہ داریوں کے لیے درکار قائدانہ اور انتظامی صلاحیتوں سے آراستہ کرتا ہے، اور انہیں تلقین کی کہ وہ حاصل کردہ علم کو عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے عملی طور پر بروئے کار لائیں۔

اس موقع پر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (NSPP) کے ریکٹر سید معظم علی، چیف انسٹریکٹر NIPA اسلام آباد جناب اعجاز باجوہ اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کا مقصد سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قائدانہ کردار اور انتظامی مہارتوں کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ وہ بہتر طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام اور مؤثر عوامی خدمت کی فراہمی میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کر سکیں۔