واشنگٹن:سنٹرل انٹیلیجنس ایجنسی(سی آئی اے) نے اسرائیل کے مستقبل کے حوالے سے ایک سنسنی خیز اور خفیہ جائزہ رپورٹ جاری کردی۔امریکی صحافتی تحقیقاتی ادارے ”ڈراپ سائٹ نیوز“ کی ایک رپورٹ کے مطابق سنٹرل انٹیلیجنس ایجنسی(سی آئی اے) نے اسرائیل کے مستقبل کے حوالے سے ایک سنسنی خیز اور خفیہ جائزہ رپورٹ تیار کی ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ گہرے ہوتے سیاسی، معاشی اور سماجی شگاف اسرائیل کو خانہ جنگی یا ریاست کے مکمل خاتمے کے خطے سے دوچار کر سکتے ہیں۔ ’اندرونی ٹوٹ پھوٹ‘کے عنوان سے تیار کی جانے والی یہ رپورٹ اگست میں سی آئی اے کے ‘ریڈ سیل’ نے تیار کی تھی۔
رپورٹ میں غزہ، لبنان اور ایران کے ساتھ طویل اور مسلسل جنگوں کو اسرائیل کی اندرونی تقسیم کا بڑا سبب قرار دیا گیا ہے، جن کی وجہ سے نہ صرف معاشرتی دراڑیں گہری ہوئی ہیں بلکہ محاذ سے واپس لوٹنے والے اسرائیلی فوجی بھی شدید نفسیاتی صدمے اور عوارض کا شکار ہیں۔رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ہونے والے اسرائیلی انتخابات سے قبل ملک کو کئی شدید اندرونی دباؤ کا سامنا ہے۔
ان دباؤ میں معاشی بحران، فوجی اخراجات میں ہوشربا اضافہ، مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری تشدد اور انتہائی وڈے آرتھوڈوکس یہودیوں کو لازمی فوجی سروس سے استثنا ملنے پر عوام میں پایا جانے والا شدید غصہ شامل ہے۔فوجی بھرتی کا یہ تنازعہ اس وقت اسرائیل کی اندرونی سطح پر سب سے بڑی پھوٹ بن کر ابھرا ہے۔اس کے علاوہ، وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا اقتدار میں برقرار رہنے کے لیے جاری سیاسی و آئینی تنازعہ بھی اندرونی کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر اسرائیل کی بڑھتی ہوئی تنہائی اور خاص طور پر ریاستہائے متحدہ امریکا میں اس کے لیے کم ہوتی ہوئی حمایت ایسے اہم عوامل ہیں جو ملک کے اندرونی عدم استحکام کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد اور اسرائیل کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تنہائی بھی داخلی بحران کو مزید گہرا کرسکتی ہے


