سویڈش گلوکارہ زارا لارسن نے امریکی آرگینک گڈز اسٹور ’ایرواہن‘ کے اشتراک سے خصوصی اسموتھی ’مڈ نائٹ سن‘ متعارف کرا دی، جس کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی ملالہ فنڈ کو عطیہ کی جائے گی۔

گلابی اور ارغوانی رنگوں پر مشتمل اس منفرد مشروب میں ناریل کا دودھ، بلیو بیریز، کیلا، وہے پروٹین، اسٹرابیری، انناس، آم، ناریل کا پانی، گاجر کا رس اور ونیلا شامل ہیں۔ اس اسموتھی کا نام گلوکارہ کے تازہ ترین میوزک البم ’مڈ نائٹ سن‘ سے لیا گیا ہے۔ یہ مشروب ایرواہن کی بیشتر شاخوں، موبائل ایپ اور نیویارک میں اوبر ایٹس اور پوسٹ میٹس کے ذریعے دستیاب ہے۔

نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے والد کی جانب سے قائم کردہ ملالہ فنڈ دنیا بھر میں لڑکیوں کی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ پاکستان میں بھی یہ ادارہ بالخصوص پسماندہ علاقوں میں بچیوں کی تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

فنڈ کی حالیہ کوششوں میں سندھ اور گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دینا اور خیبر پختونخوا کے 10 اضلاع میں مقامی شراکت داروں کے تعاون سے طالبات کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔

بین الاقوامی سطح پر ملالہ فنڈ نے غزہ، سوڈان اور جمہوری جمہوریہ کانگو میں لڑکیوں کی تعلیم اور ہنگامی امداد کے لیے 3 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا عہد کیا۔ اس سے قبل ستمبر 2025 میں مصر میں مقیم غزہ کے مہاجرین کی مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ملالہ یوسفزئی نے افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندیوں کے تناظر میں تعلیم کی بحالی اور معاونت کے لیے 30 لاکھ ڈالر مختص کیے ہیں۔

ملالہ فنڈ طویل عرصے سے دنیا بھر کی لڑکیوں کو 12 سالہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی مواقع تک ان کی رسائی یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ زارا لارسن کی جانب سے خصوصی اسموتھی کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی فنڈ کے اسی مقصد کے لیے عطیہ کی جائے گی۔