امریکا کی ریاست آئیڈاہو نے فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ آٹھ سال بعد دوبارہ اپنے نام کر لیا۔ ریاست آئیڈاہو کے پوٹیٹو کمیشن اور فوڈ چین ’اسپڈ ڈیڈی‘ نے مشترکہ طور پر تقریباً 668.6 کلوگرام فرنچ فرائز تیار کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔
یہ ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش ریاست آئیڈاہو کے شہر بوائز میں منعقدہ ’بوائز پوٹیٹو ڈیز‘ کے دوران کی گئی، جس کے نتیجے میں 2018 میں بھارت کے قائم کردہ ریکارڈ کو توڑ کر عالمی اعزاز دوبارہ امریکا کے حصے میں آگیا۔
فرنچ فرائز کی اس بڑی مقدار کی تیاری کے لیے تقریباً 771.1 کلوگرام آئیڈاہو آلو استعمال کیے گئے۔ اس عمل میں چھ ڈیپ فرائیرز اور تقریباً 50 افراد نے حصہ لیا۔
اس سے قبل فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا، جہاں 2018 میں تقریباً 658.9 کلوگرام فرنچ فرائز تیار کیے گئے تھے۔
آئیڈاہو نے پہلی مرتبہ 2014 میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا، جب شہر ایگل میں واقع ٹوئن اوکس فارمز نے تقریباً 455 کلوگرام فرنچ فرائز تیار کیے۔ تاہم 2017 میں یونان نے یہ اعزاز حاصل کر لیا، جس کے بعد 2018 میں بھارت نے بھی ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا۔
آئیڈاہو پوٹیٹو کمیشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمی ہائیہم کے مطابق، فرنچ فرائز کی سب سے بڑی مقدار تیار کرنے کا عالمی ریکارڈ آئیڈاہو ہی کے پاس ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے آلو بہترین فرنچ فرائز بنانے کے لیے موزوں سمجھے جاتے ہیں اور اس ریکارڈ کی واپسی کا مقصد آلو کے کاشت کاروں اور اس صنعت سے وابستہ افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا بھی ہے۔


