اسلام آباد(ای پی آئی) سابق سینیٹر صالح شاہ نے خیبر پختونخوا میں نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا کے لیے جاری کیے گئے ایک بیان میں سابق سینیٹر صالح شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو خیبر پختونخوا کا نیا چیف سیکرٹری تعینات کیا ہے، جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔

سابق سینیٹر کے مطابق ڈاکٹر فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے سینئر افسر ہیں اور ان کا تعلق مردان سے ہے۔

صالح شاہ نے بتایا کہ ڈاکٹر فخر عالم عرفان اس سے قبل وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن، اضافی چارج پر سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، سندھ کے 59 ویں چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی جیسے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فخر عالم عرفان ایک نہایت قابل، محنتی اور اصول پسند افسر ہیں۔ ان کا زیادہ تر تجربہ وفاق اور سندھ میں رہا ہے اور انہوں نے وفاقی و صوبائی سطح پر بہترین خدمات انجام دی ہیں۔

سابق سینیٹر صالح شاہ کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں ایک تجربہ کار اور دیانت دار چیف سیکرٹری کی تعیناتی صوبے کے لیے نیک شگون ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب صوبے میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا گیا ہے۔