لاہورشہر میں ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ان گاڑیوں پر 2 ہزار 813 ای چالان جاری ہونے کے باوجود 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے کے جرمانے واجب الادا ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ہال روڈ پر جنرل ہولڈ اپ کے دوران گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں میں ردوبدل کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی کہ اس دوران ایک موٹرسائیکل کی ملکیت کی تصدیق کی گئی۔ ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ محمد عثمان نامی شہری کے نام پر مجموعی طور پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔
ٹریفک پولیس نے مذکورہ موٹرسائیکل کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں بند کر دیا، جبکہ گاڑیوں کے اصل مالک کی تلاش اور معاملے کی مزید جانچ پڑتال کے لیے سیف سٹی حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ گاڑیوں پر اب تک 2 ہزار 813 ای چالان جاری ہو چکے ہیں، جبکہ ان کے ذمہ جرمانوں کی مجموعی رقم 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے بنتی ہے۔
ایک ہی شہری کے نام پر اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ان پر واجب الادا جرمانوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اصل مالک کی شناخت اور گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق حقائق کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔


