اسلام آباد(ای پی آئی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ماہِ ستمبر کے دوران عوامی خدمت، روڈ سیفٹی اور قانون کے نفاذ کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد مسافروں کو دورانِ سفر بروقت امداد فراہم کی گئی، جبکہ گمشدہ قیمتی سامان کی بازیابی اور جرائم کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ستمبر کے دوران 16 لاکھ 93 ہزار روپے مالیت کے گمشدہ سونے کے زیورات اصل مالکان کے حوالے کیے گئے، جبکہ 29 لاکھ 53 ہزار روپے مالیت کے گمشدہ موبائل فونز بھی ان کے مالکان کو واپس کیے گئے۔ اسی طرح 33 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین سے ملوایا گیا۔
روڈ سیفٹی کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر میں 252 آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے، جبکہ ٹول پلازوں پر 27 لاکھ 29 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ سفر اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ کے شعور کو فروغ دینا ہے۔
قومی شاہراہوں پر جرائم کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 18 مجرمانہ وارداتیں ناکام بنائی گئیں۔ مختلف کارروائیوں میں 20 ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا گیا، جبکہ سات چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 148 کلوگرام چرس اور 155 کلوگرام افیون برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائیاں قومی شاہراہوں پر قانون کی عملداری یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے سلسلے کی کڑی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ محفوظ سفر، بروقت امداد اور قانون کی عملداری ادارے کی اولین ترجیحات ہیں۔ موٹروے پولیس عوامی خدمت، مسافروں کی مدد، جرائم کی روک تھام اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


