رحیم یار خان(ای پی ئی) ضلع رحیم یار خان کے تھانہ اقبال آباد کی حدود میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ اقبال آباد کی پولیس ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران تین مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران محمد علی نامی ایک مبینہ ڈاکو زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔