پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گورنر راج کے بعد سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کچھ پتا نہیں، جبکہ اس کی آڑ میں پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج لگایا گیا اور ایمرجنسی نافذ کی گئی، جسے وہ مسترد کرتے ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے، اس معاملے پر کوئی دو رائے نہیں ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی میں 30 روز توسیع کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خانم غیر سیاسی ہیں مگر پھر بھی اُن کی نظر بندی میں 30 روز کی توسیع کی گئی، ہمارے بارہ اراکین قومی اسمبلی کو آپ نے رکھا ہوا ہے جبکہ ہمارے وزیر اعلیٰ کا کوئی پتا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سپورٹرز کو گرفتار کیا جا رہا جبکہ چھاپے مارے جا رہے ہیں اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کے جھنڈے اتارے جا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو ذمہ داری سونپی تھی اور ان کے خیال میں سہیل آفریدی نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔