دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ نے دنیا کی سب سے طویل 24 قیراط سونے کی گزرگاہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے، جو آئندہ 2 ماہ کے اندر کھولی جائے گی۔
گلف ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ 2026 کے اختتام سے قبل مکمل کیا جائے گا اور دبئی کے سیاحتی تجربات کی فہرست میں ایک نئے پرکشش اضافے کی حیثیت رکھتا ہے۔
دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کے کمرشل سیکٹر کے سینیئر ڈائریکٹر راشد الحرمودی کے مطابق گزرگاہ آئندہ 2 ماہ کے اندر عوام کے لیے کھول دی جائے گئی۔
دیرہ میں واقع اس ڈسٹرکٹ کا آغاز جنوری 2026 میں ہوا تھا، یہاں سونا، جیولری، بلین، ہول سیل تجارت اور سرمایہ کاری سے وابستہ کاروبار یکجا ہیں۔
ڈسٹرکٹ میں 1000 سے زیادہ تاجر موجود ہیں، جن کا تعلق سونا، جیولری، پرفیومری، کاسمیٹکس اور لائف سٹائل مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 اور 2025 کے دوران یو اے ای نے تقریباً 53 ارب 41 کروڑ ڈالر مالیت کا سونا برآمد کیا، جس میں سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، بھارت، ہانگ کانگ اور ترکی اہم تجارتی شراکت دار رہے۔


