خیبرپختونخوا حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ ، شکایات و نگرانی کیلئے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت شہریوں کی شکایات کی وصولی، متعلقہ اداروں کو منتقلی اور ان پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کی جا سکے گی۔
مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کے مطابق اس اقدام کا مقصد اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانا، شکایات کے ازالے میں تاخیر کم کرنا اور معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانا ہے، اس منصوبے کے تحت کوئی نیا متوازی ادارہ قائم نہیں کیا جائے گا، بلکہ پہلے سے موجود اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔

مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کے مطابق انسانی حقوق سے متعلق اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کے لیے مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مجوزہ پورٹل کے ذریعے انسانی حقوق سے متعلق شکایات درج کرنے، انہیں متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور ان پر ہونے والی پیش رفت کو ٹریک کرنے کا نظام وضع کیا جائے گا۔ اس سے شکایات کے حل میں غیر ضروری تاخیر اور مختلف اداروں کی کوششوں میں تکرار کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے.

مجوزہ طریقۂ کار کے تحت ہر ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) انسانی حقوق سے متعلق امور اور شکایات کو متعلقہ اداروں کے پاس ریفر کرے گا، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس افسرز (ڈی پی اوز) کے دفاتر میں انسانی حقوق سے متعلق ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ منصوبہ اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون اور یورپی یونین کے فنڈڈ پروگرام حقوقِ پاکستان کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، منصوبے پر عمل درآمد سے صوبائی وسائل پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔

مشیرِ اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کی پیش رفت اور اس پر عمل درآمد کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی جائے۔