دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا و اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے سربراہ ایلون مسک اکثر مستقبل کے بارے میں حیران کن پیشگوئیاں کرتے رہتے ہیں۔
اب ان کی ایک اور نئی پیشگوئی سامنے آئی ہے جو آپ کو دنگ کر دے گی۔
ایک ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے ایلون مسک نے پیشگوئی کی کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی اور روبوٹیکس کے شعبے میں پیشرفت کے باعث مستقبل میں پیسوں کی بچت کرنا بے مقصد ہوگا۔
انہوں نے پیشگوئی کی کہ مشینیں بتدریج اتنا زیادہ سامان اور سروسز فراہم کریں گی کہ لوگوں روزمرہ کی ضروریات کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔
ان کے بقول اگر ایسا ہوا تو ملازمتوں، آمدنی اور بچت کے حوالے سے لوگوں کے نظریات ڈرامائی حد تک تبدیل ہو جائیں گے۔
اس سے قبل ایلون مسک نے جولائی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ 2036 تک دولت لوگوں کے لیے بے معنی ہو جائے گی کیونکہ اے آئی اور روبوٹس پروڈکشن کا عمل بہت زیادہ بہتر بنا دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی پیشگوئی کی کہ آئندہ 5 برسوں میں اے آئی ٹیکنالوجی تمام انسانوں سے زیادہ ذہین ہو جائے گی۔


