کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بار پھر سڑک کے بیچ بجلی کے کھمبوں کا دفاع کرتے ہوئے تنقید کا جواب دے دیا۔

سندھی مسلم فوڈ واک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج کل میڈیا کھمبوں کے پیچھے بہت پڑی ہوئی ہے، اینکرز سارے مسئلے بھول گئے اور صرف کھمبوں پر بات کر رہے ہیں، ہم پر تنقید ہوتی ہے، ضرور کریں تنقید میں تو دعوت دیتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے کھمبوں کی بات پر میڈیا کی تعریف کی تو انہوں نے دل پر لے لیا اور کھمبا کھمبا کرنا شروع کر دیا، شاہراہ بھٹو کو کورنگی روڈ سے جوڑنا تھا اُدھر بھی کھمبوں کا مسئلہ تھا، کے-الیکٹرک کھمبے نہیں ہٹا رہا، میں نے ناصر حسین شاہ کو کہا کہ کھمبے گرا دو میڈیا ہمارے ساتھ ہے لوگوں کو تکلیف ہوگی لیکن اس میں ہماری کوئی غلطی نہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میڈیا کی تنقید سے فائدے بھی حاصل ہوئے، پاکستان میں اگر کہیں بلدیاتی نظام کام کر رہا ہے تو وہ صرف سندھ میں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا ہے کہ اب سنا ہے دوسرے صوبے میں بھی بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں وہ ہمارے جیسا نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھی مسلم سوسائٹی میں سیوریج لائنز تبدیل کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے علاقے میں جاری ترقیاتی و شہری سہولتوں سے متعلق اقدامات کا بھی ذکر کیا۔