پشاور: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا۔
نئے نظام کے تحت پورے فیڈر کے بجائے انفرادی ٹرانسفارمرز کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی جبکہ نئے نظام سے بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف مل سکے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے توانائی مسائل کے پائیدار حل کے لیے وفاقی و صوبائی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں طویل لوڈشیڈنگ کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا۔

اجلاس میں اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ عوام بھی اس اقدام کے جواب میں بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی اور بجلی چوری کے خاتمے میں تعاون کریں گے تاکہ بجلی کی فراہمی میں بہتری کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہ سکے۔

اس نظام سے بجلی کی فراہمی میں بہتری اور لوڈشیڈنگ کے مسائل میں کمی متوقع ہے۔