واشنگٹن: (ای پی آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت نیو کلیئر ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ایران امریکا کی منظوری کے بغیر اپنے جوہری پروگرام سے متعلق کوئی اقدام نہیں کررہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں یہ بیان ایران کے جوہری پروگرام کے مستقبل سے متعلق ثالثوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کے بارے میں سوال کے جواب میں دیا۔
انہوں نے کہا ایران کیخلاف کارروائی آگے بڑھانے یا معاملہ ختم کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا، اس حوالے سے آئندہ حکمت عملی جلد طے کی جائے گی، پیٹ ہیگسیتھ نے انتہائی شاندار کام کیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا عوام کی ناراضی کے بعد تبدیلی ضرور آئے گی، آئندہ دو ہفتوں میں کئی منصوبے سامنے لاؤں گا، کئی بڑی کمپنیاں امریکا میں اپنے کارخانے قائم کر رہی ہیں، ٹیرف سے بچنے کیلئے امریکا میں مصنوعات تیار کرنا ہوں گی۔
صدر ٹرمپ نے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مقامات پر دھاندلی ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے اس دعوے کے حق میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جنگ کا خاتمہ بہت قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے خصوصی ایلچی کیرل دمتریوف سے ان کی ملاقات ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدہ طے پا جائے گا۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ ایک بڑا معاہدہ ہوگا اور اس میں صرف یوکرین ہی نہیں بلکہ یورپ کے دیگر ممالک بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا اور اہم معاہدہ ہوگا جس سے تمام فریق خوش ہوں گے۔


