اسلام آباد(ای پی آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد بھی میرٹ پر بریت کے خواہاں درخواست گزار نجف خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کرنے کا حکم سنایا ہے۔
جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل عمر قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد رہا ہوچکے ہیں، تاہم وہ قتل کے الزام سے میرٹ پر بریت چاہتے ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقتول غلام محمد کے قتل کے واقعے میں دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ فارنزک لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق غلام محمد کا قتل ان کے موکل کے پستول سے چلنے والی گولی سے نہیں ہوا، بلکہ جس شخص کے فائر سے قتل ہوا، وہ پہلے ہی بری ہوچکا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے ان کے موکل کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا تھا۔ میڈیکل رپورٹ میں ایک پستول سے فائر ہونے کا ذکر ہے، جبکہ ایف آئی آر میں دو رائفلز کا ذکر کیا گیا تھا۔
وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ فارنزک رپورٹ اور دیگر شواہد ان کے موکل کے خلاف قتل کے الزام کی تائید نہیں کرتے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد نجف خان کی اپیل منظور کرلی اور انہیں قتل کے مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔


