اسلام آباد(ای پی آئی): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو طبیعت ناساز ہونے پر سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے اور علاج کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو رات ایک بج کر 40 منٹ پر اڈیالہ جیل سے روانہ کیا گیا اور پمز اسپتال لایا گیا۔ اسپتال میں عمران خان کے لیے پہلے سے مقرر کردہ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے ان کا مکمل طبی معائنہ کیا اور طبی امداد فراہم کی۔ اس دوران ان کا بلڈ پریشر، بخار اور آنکھوں کے ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی تجویز کردہ ادویات کا جائزہ لیا اور انہیں مزید ادویات بھی تجویز کیں۔
جیل ذرائع کے مطابق طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے بعد بانی پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔


