اسلام آباد(ای پی آئی )وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر فتنہ الخوارج کا پولیس پارٹی پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید، 18 خوارج ہلاک

وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز یا پولیس کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے ساتھ ان کے نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔