امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے براہِ راست مذاکرات کرنے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں ایرانی حکام سے مذاکرات کا اختیار بھی دے دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے معاونین اور بعض عالمی رہنماؤں کو بتایا ہے کہ انہوں نے جے ڈی وینس کو ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وینس کو ایرانی عہدیداروں سے براہِ راست ملاقات کے لیے بھیجنے سے متعلق بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران مغربی ایشیا سے یورپ تک امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔

ایران کے سیکیورٹی چیف محسن رضائی نے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے نئے حملے کی صورت میں ایران نہ صرف قریبی فوجی اڈوں بلکہ دور دراز علاقوں میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنائے گا۔

محسن رضائی کے مطابق ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت میں شریک فوجی اڈے حملوں سے محفوظ نہیں رہیں گے اور ایسے ہر اڈے پر مہلک حملہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی کو بھی استثنا نہیں دیا جائے گا۔

جنگی جنون میں مبتلا اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو ایک بار پھر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے لگے ہیں۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز اور اسرائیلی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ ایران کے معاملے پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک فون کال کے دوران صورتحال اس قدر کشیدہ ہو گئی کہ ان میں شدید تلخ کلامی اور چیخ و پکار تک نوبت آگئی ہے.