اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے، جبکہ تنظیم کی سرگرمیوں، جاری پروگرامز اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت کر رہا ہے، جس کا عنوان ’’علاقائیت کی بحالی، مستحکم ای سی او‘‘ رکھا گیا ہے۔ پاکستان کی سربراہی میں علاقائی روابط کے فروغ، اقتصادی انضمام اور رکن ممالک کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

بیان کے مطابق پاکستان ای سی او کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی اشتراک کے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کو علاقائی روابط کا مرکز اور تجارتی و لاجسٹک سپلائی چینز کا اہم محور بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق علاقائی تجارت کے فروغ، خطے کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادے اور مشترکہ خوشحالی کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا، جبکہ علاقائی تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچانا اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا بھی پاکستان کی صدارت کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔