ورلڈ بینک نے سندھ میں صاف پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔

ورلڈ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس رقم سے دیہی سندھ میں صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، جس سے تقریباً 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے تاکہ دیہی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بچوں کی نشوونما متاثر ہونے اور ان کے قد میں مناسب اضافہ نہ ہونے کی بڑی وجوہات میں غیر محفوظ پانی، ناقص صفائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات کا فقدان شامل ہیں۔ اس منصوبے سے بچوں میں غذائی قلت کے باعث قد نہ بڑھنے (اسٹنٹنگ) کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے سندھ کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔