اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹر نے صارفین کی اجازت کے بغیر ان کے موبائل فونز میں موجود تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے پر فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 ہزار 360 کروڑ پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

اطالوی حکام کے مطابق فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے صارفین کی موبائل گیلری تک رسائی حاصل کی جا رہی تھی، تاہم انہیں اس عمل کے بارے میں واضح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی باقاعدہ رضامندی حاصل کی گئی۔ اس معاملے سے اٹلی میں تقریباً 2 کروڑ میٹا صارفین متاثر ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک کا یہ فیچر 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے ذریعے صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز انہیں فیس بک پر پوسٹ کرنے کے لیے تجویز کی جاتی تھیں۔ تاہم ایپ کی جانب سے گیلری تک رسائی کے لیے صرف ایک مرتبہ عمومی اجازت طلب کی جاتی تھی، جس سے صارفین کو اندازہ نہیں ہوتا تھا کہ اس اجازت کے نتیجے میں تصاویر اور ویڈیوز کی تجاویز دینے والا فیچر بھی فعال ہو جائے گا۔

اطالوی ریگولیٹر نے میٹا کو 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے اور اسے استعمال کرنے کے خواہش مند صارفین سے الگ اور واضح اجازت حاصل کی جائے۔ اس کے علاوہ کمپنی کو صارفین کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ یہ فیچر موبائل گیلری تک رسائی حاصل کرتا ہے اور اسے غیر فعال کرنے کا طریقہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق میٹا کی جانب سے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا بھی الگ سے جائزہ لیا جا سکتا ہے، جس کے تحت صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کو ریموٹ سرورز پر پراسیس کیا جا سکتا ہے۔