اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی جانب سے قومی اتحادی حکومت بنانے کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق گادی آئزن کوٹ نے اس پیشکش کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں اور اتحادی حکومت کی پیشکش نئی حکومت کی تشکیل میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

گادی آئزن کوٹ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کے یہ سیاسی حربے نہ تو ان پر اثر انداز ہوں گے اور نہ ہی اسرائیلی شہریوں پر۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیتن یاہو نے ایک بار پھر اپوزیشن کو قومی اتحادی حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ مجوزہ حکومت میں صرف یہودی جماعتوں کو شامل کیا جائے تاکہ ایران کی جانب سے درپیش خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزن کوٹ کو صدر کی جانب سے حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔