انتظامی یونٹ کی مجوزہ اسمبلی کے 25 سے 30 ارکان تجویز، جو براہ راست منتخب ہوں گے، مجوزہ اسمبلی میئرکو چنے گی

اسلام آباد (ای پی آئی )وفاقی حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور نیا انتظامی ماڈل متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ آئینی و قانونی اور انتظامی ماہرین جلد اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد منصوبہ پر مزید پیشرفت کی جائے گی،

ذرائع کے مطابق مجوزہ نئے انتظامی ماڈل پر ابتدائی طور پر وزیراعظم ہائوس اور وزرات داخلہ کے تحفظات تھے، تحفظات دور کرنے کیلئے نئے انتظامی سیٹ اپ کو وفاقی حکومت کے ماتحت ہی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق انتظامی سیٹ وفاقی حکومت سے متصادم یا اس کے متوزی نہیں ہوگا، اسلام آباد میں نئے انتظامی سیٹ اپ کا سربراہ میئر ہوگا، انتظامی یونٹ کی مجوزہ اسمبلی کے25سے30 ارکان تجویز،جو براہ راست منتخب ہوں گے۔ میئر اسلام آبادکا انتخابات براہ راست نہیں ہوگا،مجوزہ اسمبلی میئرکو چنے گی۔ صحت تعلیم اور دیگر شہری خدمات کی فراہمی انتظامی یونٹ کے دائرہ کار میں ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامی تبدیلیوں کے ساتھ جغرافیائی ہیئت میں تبدیلی بھی تجویز ہے، مجوزہ پلان کے تحت اسلام آباد کی جغرافیائی حدود میں توسیع ہوگی۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں کواسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز زیرِغور ہے۔ ہری پور، راولپنڈی اور مری کے علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔ دوسری جانب گوادر یا دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کا منصوبہ ترک کر دیا گیا ہے، مجوزہ انتظامی ماڈل اور حدود میں تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔