سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں کر سکتی بلکہ ایسے بڑے فیصلے قومی حکومت کے ذریعے ہی ممکن ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔
ایک انٹرویو کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ تمام سیاسی و دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائے گا، جبکہ اس عمل کی سربراہی کسی غیر جانبدار شخصیت کو کرنی چاہیے۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اہم فیصلوں کے لیے آئینی طریقہ کار موجود ہے، تاہم سیاسی نظام کی نئی تشکیل کے لیے قومی حکومت کے سوا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں محمود خان اچکزئی صدارتی نظام کی طرف اشارہ کر رہے ہیں اور صدارتی نظام سے متعلق ان کی بات میں بھی وزن ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں نئے صوبوں اور صدارتی نظام کے حوالے سے کیا مؤقف اختیار کرتی ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف بہتر سیاسی حکمت عملی اختیار کرے تو اسے فائدہ ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی میں مذاکرات کے ذریعے سیاسی گنجائش پیدا کرنے والے لوگ موجود نہیں، جبکہ اس وقت پارٹی کے پاس سیاسی موقع بھی موجود ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملاقات کے بعد کئی باتیں سامنے آئی ہیں۔ جو لوگ خود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کر سکتے، وہ دوسروں کو بھی ملاقات سے روک رہے ہیں، جس کے باعث پارٹی منظم نہیں ہو رہی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پارٹی کے بعض لوگ نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری پارٹی کی قیادت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھانے سے وہ بڑے نہیں ہو جاتے۔
دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما سلمیٰ بٹ نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کی ملاقاتیں سیاسی امور پر معمول کے مطابق ہوتی رہتی ہیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا جاتا ہے۔
سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم سے متعلق گفتگو اور تجاویز پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ کا فورم موجود ہے، جہاں اس حوالے سے تجاویز بھی سامنے لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے معاملات پر مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ریاست کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔


